سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو گی؟

گورنرسندھ ، حلیم عادل اور دیگر کی علی گوہر مہرسے گھوٹکی میں ملاقات، سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب


کراچی: وزیراعظم عمران خان کی سندھ کی صورتحال پر تشویش کے اظہار کے بعد صوبے میں سیاسی ہلچل میں تیزی آگئی جب کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رابطے بھی شروع کردیے۔

علی گوہر مہر اہمیت اختیار کر گئے جن سے گزشتہ روز وزیراعظم نے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی اور آج گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزير مملکت شہریار آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما حلیم عادل شیخ نے گھوٹکی میں ان سے ملاقات کی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین رابطے کر رہے ہیں جس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور سندھ کے عوام جلد اچھی خبر سنیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سارے آپشنز جو غیر ضروری اور غیر قانونی نہیں ہوں گے وہ سب استعمال ہوں گے۔

اس موقع پر علی گوہر مہر نے کہا کہ بات چیت چل رہی ہے، اختلافات ایشوز پر ہی ہوتا ہے، ویسے ذاتی تعلقات بہت اچھے ہیں، سب کے ساتھ تعلق اچھا رہا، امید ہے کہ بہتری ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی بلاول ہاؤس پہنچے جہاں انہو ںے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق 15 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی اورنگی ٹاؤن کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی بلاول ہاؤس پہنچی اور انہوں نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے حق میں نعرے لگائے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎