شہید کشمیری رہنما افضل گرو کی برسی

مقبوضہ کشمیر کے شہید رہنما افضل گرو کی چھٹی برسی آج منائی جا رہی ہے، برسی کے موقع پر حریت رہنماوں کی کال پر وادی میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے۔


آزادی کشمیر کےلیے جدوجہد کے جرم میں پھانسی چڑنے والے افضل گرو کی برسی پر حریت رہنماوں کی جانب سے وادی میں شٹر ڈاون ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ اس موقع پر کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ، موبائل، انٹرنیٹ سروس اور ٹرین سروس بھی معطل ہے۔

قابضی فورسز کی جانب سے افضل گرو کی برسی منانے سے روکنے کے لیے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا گیا ہے، جب کہ بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے سری نگر اور دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ ہے۔

دوسری جانب کشمیری رہنما اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شہید محمد افضل گرو کو بھارتیوں کے اجتماعی ضمیر کو مطمئن کرنے کا مفروضہ باندھ کر تختہ دار پر لٹکایا گیا اور انہوں نے مسکراتے ہوئے تختہ دار کو چوم لیا لیکن باطل و ظالم کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔

واضح رہے کہ کشمیری رہنما افضل گرو کو نئی دہلی کی تہار جیل میں 2013 میں پھانسی دی گئی تھی اور ان کی تدفین جیل کے احاطے میں ہی کردی گئی تھی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎