شکست سامنے دیکھ کر کپتان سرفراز آپے سے باہر ہو گئے

جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے حسن علی کے 59رنز کی بدولت میزبان ٹیم کو 204 رنز کا ہدف دیا۔


قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شکست کو سامنے دیکھ کر اپنا آپا کھو بیٹھے اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر ایندائل فلکوایو پر 'نسل پرستانہ' جملے کس دیئے جس پر انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 80رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو گئی اور اس موقع پر پاکستان کی فتح کے امکانت کافی روشن ہو گئے تھے لیکن پھر ایندائل فلکوایو اور روسی وین ڈر ڈوسن وکٹ پر ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور باؤلرز کے تمام تر حربوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

یقینی فتح ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر قومی ٹیم کے کپتان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور جنوبی افریقی کرکٹر فلکوایو پر نسل پرستانہ جملے کس دیے۔

سرفراز نے میچ کی دوسری اننگز کے دوران فلکوایو کو پکارتے ہوئے کہا کہ ’ابے کالے، تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں آج۔ کیا پڑھوا کے آیا ہے تو‘۔

یہ واقعہ جنوبی افریقی اننگز کے 37ویں اوور میں پیش آیا جب شاہین شاہ آفریدی باؤلنگ کر رہے تھے اور اس موقع پر کمنٹیٹر نے رمیز راجہ سے اس کے معنی بھی بتانے کی گزارش کی لیکن موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے رمیز راجہ بات کو ٹال گئے تھے۔

واضح رہے کہ فلکوایو نے میچ میں کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور پھر مشکل مرحلے پر ناقابل شکست 69رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔

سرفراز احمد اس جملے پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور متعدد شائقین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی ٹیم کے کپتان کے اس رویے پر ان کی سرزنش کرے جبکہ کچھ لوگوں نے سرفراز پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔

دنیا کے تیز ترین سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سرفراز احمد کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎