امریکا میں سردی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

امریکا قطب شمالی کی یخ بستہ ہواؤں کی زد میں آگیا، جس کے بعد شکاگو میں ریکارڈ سردی کا ہائی الرٹ جاری ہوا ہے۔


شکاگو میں آج منفی 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جانے والی یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ درجۂ حرارت منفی 27 تک گرنے کی توقع ہے، مشی گن، الی نوائے اور وسکونسن میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکاکی وسط مغربی ریاستوں میں قطب شمالی کی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سرد موسم کے پرانے تمام ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

نارتھ اور ساؤتھ ڈکوٹا سے لانگ آئی لینڈ تک درجۂ حرارت میں کمی کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا۔

منی سوٹا میں منفی 70 تک محسوس کی جانے والی یخ بستہ ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

فروسٹ بائٹ کے خطرے کے پیش نظر حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، شدید سردی سے مشی گن میں جھیل بھی جم گئی،جبکہ مشی گن، الی نوائے اور وسکونسن میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

سرد موسم کے باعث امریکی ایئر پورٹس پر 2 ہزار 700 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جن میں شکاگو آنے اور جانے والی ڈیڑھ ہزار پروازیں بھی شامل ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎