پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں ڈین ایلگر جنوبی افریقا کی قیادت کریں گے

فاف ڈوپلیسی پر ایک میچ کی پابندی کی وجہ سے ڈین ایلگر کو قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی۔ فوٹو: فائل


کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقی ٹیم کے سلیکٹرز نے پاکستان کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ کے لیے کپتانی کے فرائض ڈین ایلگر کو سونپ دیے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران میزبان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی پر سلو اوور ریٹ کے نتیجے میں ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

اور اب سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے لیے جنوبی افریقی سلیکٹرز نے نوجوان بلے باز ڈین ایلگر پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں قیادت کی ذمہ داری سونپ دی۔

سلو اوور ریٹ پر جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی ایک میچ کیلئے معطل

ڈین ایلگر کو لیڈرشپ کا تجربہ حاصل ہے، وہ جنوبی افریقی انڈر 19 ٹیم کی آفرو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں بھی قیادت کر چکے ہیں جب کہ انہیں 2017 میں انگلینڈ کے خلاف فاف ڈوپلیسی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر ان کی غیرموجودگی میں کپتانی کی ذمہ داری کا بھی تجربہ ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم کے سلیکشن کنوینئر لنڈا زوندی کا کہنا ہے کہ ڈین ایلگر کی بطور کپتان تعیناتی اس حکمت عملی کا عکاس ہے کہ ہمارے پاس نوجوان قیادت کے لیے بھی کھلاڑی موجود ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎