’’فرخ سلیم حکومت کے ترجمان نہیں‘‘

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے واضح کیا ہے کہ فرخ سلیم حکومت کے ترجمان نہیں، جبکہ 3 ماہ پہلے فواد چوہدری نے ہی ایک ٹوئٹ میں فرخ سلیم کی تقرری کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ جلد نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا ۔


فرخ سلیم نام کے ہی حکومتی ترجمان رہے جن کا ٹوئٹ پر تقرر اور ٹوئٹ پر ہی چھٹی ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر فرخ سلیم کو معیشت پر حکومت پاکستان کا ترجمان مقرر کرنےکا ارادہ تھا تاہم بعد میں وزیراعظم آفس کی جانب سےبھرتیوں پر پابندی لگائے جانے کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔

فرخ سلیم حکومت کے ترجمان نہیں وہ کوئی بھی رائے دینے میں آزاد ہیں، وزیراطلاعات کی اس وضاحت سے پہلے فرخ سلیم کی جانب سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کی گئی تھی۔

گزشتہ روز فرخ سلیم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی کے باوجود برآمدات میں اضافہ نہیں ہوسکا، حکومت کی حکمت عملی کام نہیں کر رہی ، ہم بیماری کا علاج نہیں کر رہے ، علامات دبانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎