کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلے دن کھیل ختم ہوا تو ہاشم آملہ 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ جنوبی افریقا کو خسارہ ختم کرنے کے لیے صرف 54 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔


 جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان کو پہلی اننگز میں جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، پوری ٹیم صرف 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جواب میں پروٹیز نے دن کے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نہ چل سکا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی فخر زمان صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد امام الحق آٹھ رنز کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد اظہر علی دو رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اسد شفیق نے 20 رنز بنائے لیکن رباڈا کی گیند پر وہ آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم دو رنز پر آؤٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد شان مسعود اور سرفراز احمد کے درمیان 60 رنز کی شراکت ہوئی، شان مسعود 44 رنز بنا کر ربادہ کی دوسری وکٹ بنے۔

سرفراز احمد نے نو چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی اور اولیوئیر کی بال پر ڈی کاک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ یہ اس اننگز میں اولیوئیر کی تیسری وکٹ تھی۔ یاسر شاہ بھی صرف چار رنز بنا کر اولیوئیر کا چوتھا شکار بنے۔ پاکستان کی نویں وکٹ 163 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈیل سٹین نے محمد عباس کو صفر پر آؤٹ کیا۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی تھے جو صرف تین رنز بنا سکے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎