کراچی میں سردی کب تک رہے گی؟

کراچی میں حالیہ سردی کی لہر کب تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟


ماہ جنوری عام طور پر کراچی میں سرد ہی گزرتا ہے لیکن جنوری کے آغاز میں احساس ہوا کہ شہر سے سردیاں رخصت ہونے کو ہیں لیکن پھر سائبریا کی یخ بستہ ہواؤں نے شہر قائد کا رخ کر لیا اور سردی پھر لوٹ آئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کہتے ہیں کہ سردی کی حالیہ لہر مزید 2دن تک برقرار رہ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ اس دوران شمال مشرقی علاقوں سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار میں کمی آنے کے ساتھ درجۂ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں جنوری کے دوران موسم سرد اور خشک ہی رہے گا البتہ فروری میں صبح و شام کی خنکی برقرار رہے گی۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی شہر قائد کا موسم سرد اور خشک ہی رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سےہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد ہے۔

واضح رہے کہ سائبیریا کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی والوں کو پھر سردی کا مزا چکھا دیا ہے، حالانکہ یہاں اتنی سردی نہیں جو ملک کے دیگر علاقوں کا مقابلہ کرے تاہم کراچی کے شہریوں کے لیے یہ تھوڑی سی سردی بھی بہت ہے۔

چند دن معمول کے کپڑے پہننے کے بعد کراچی کے مکینوں بالخصوص صبح سویرے گھروں سے کام کے لیے نکلنے والوں اور اسکول جانے والے بچوں نے پھر سے گرم کپڑے، سوئٹرز، جیکٹس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

شہر میں رات میں سوپ اور یخنی فروشوں، گرم دودھ کی دکانوں، مچھلی فروشوں اور خشک میوہ جات بیچنے والوں کے پاس رش نظر آنے لگا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎