عمران خان کو اپنا آئیڈیل قرار دینے والے بین الاقوامی کرکٹر نے الیکشن جیت لیا

بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ بنگلہ دیش کے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے رکن اسمبلی منتخب ہو گئے۔


 بنگلادیشی کرکٹر نے حکمراں جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا۔ اور نارائل2 کے حلقے سے کامیابی حاصل کی۔

مشرفی مرتضیٰ نے رواں سال نومبر میں عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نے حلقے میں شاندار کامایبی حاصل کرتے ہوئے رجسٹر کل 3لاکھ 17 ہزار 844 ووٹوں میں سے مجموعی طور پر 2لاکھ 74ہزار ووٹ حاصل کیے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی مشرفی مرتضیٰ پہلے بنگلہ دیشی کرکٹر ہیں جو اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

کرکٹ حکام نے واضح کیا تھا کہ ملک کی عالمی سطح پر کرکٹ میں نمائندگی کرنے والے کھلاڑی کے سیاست میں حصہ لینے میں کوئی قباحت نہیں۔

مشرفی مرتضیٰ بنگلہ دیشی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین اور مقبول کھلاڑیوں میں سے ایک تصور کیے جاتے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر ورلڈ کپ 2019 کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔

مشرفی مرتضی کیریئر میں انجری مسائل سے دوچار رہے اور گھٹنے کے سات آپریشنز کروا چکے ہیں جبکہ ان کی قیادت میں بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ 2015کے کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا۔

وہ ٹی20 کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ 2009 کے بعد سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔

بنگلادیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمراں جماعت اور اتحادیوں نے پارلیمنٹ کی 300 میں سے 280نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎