کراچی میں درجہ حرارت کم، سردی بڑھ گئی

آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ ، کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضا فہ ہوا۔


محکمہ موسمیات کے مطا بق شہر قائد میں آج صبح 8 بجے کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں کل کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری تھا جو آج مزید کم ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سردو خشک ہے، کوئٹہ او رقلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 6 درجے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، صبح کے وقت وادی میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شدید سردی کے باعث سڑکوں کے اطراف میں موجود پانی جم کر برف بن گیا، سردی سے بچنے کے لے شہری خود کو مکمل ڈھانپ کر گھروں سے نکل رہے ہیں۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں موسم شدید سرد اور خشک ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی6 اور دالبندین میں منفی2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ژوب میں صفر، پنجگور میں3، نوکنڈی میں 5، خضدارمیں6،سبیمیں7، لسبیلہ میں 8 اور گوادر میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آئندہ24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، زیارت، دالبندین، پنجگور اور ژوب سمیت صوبے کے شمالی علاقوں موسم شدید سرد جبکہ باقی علاقوں میں سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

ادھر لاہور میں علی الصبح درجہ حرارت 7، اسلام آباد میں 2، پشاور میں3، فیصل آباد میں 4، ملتان میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎