پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ اور سیریز کا فیصلہ ہوگیا

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 241 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 40 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔


جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5ویں ایک روزہ میچ میں 7 وکٹ سے مات دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3۔2 سے جیت لی۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس نے فخر زمان کے 70،شعیب ملک 31 اور عماد وسیم کے ناقابل شکست 47 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 240 رنز ہندسہ سجایا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 39 کے اسکور پر گری،14 رنز بنانے والے ہاشم آملہ کو شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کی مدد سے قابو کرلیا۔

دوسری وکٹ پر ڈی کوک نے ہنڈرکس کے ساتھ مل کر اسکور 100 رنز تک پہنچادیا،34 رنز بنانے والے ہنڈرکس کو محمد عامر نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

جنوبی افریقا کی تیسری اور آخری وکٹ 146 کے اسکور پر گر گئی، اوپنر ڈی کوک 82 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔

چوتھی وکٹ پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے ڈوسن کے ساتھ مل کر 95 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

گرین شرٹس کی طرف سے محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے 1۔1 وکٹ اپنے نام کی۔

آخری ایک روزہ میچ میں شاندار پرفارمنس پر ڈی کوک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پاکستانی اوپنر امام الحق کے نام رہا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎