ڈیل کی خبریں ۔۔مسلم لیگ ن نے نئی کہانی سنا دی

شہبازشریف کو جیل میں رکھ کرزیادتی کی جارہی ہے۔


مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈیل کی خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں،ہم نے ڈیل کی ہے اور نہ ہی ڈیل کی خواہش ہے.

 انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شیخ رشید الزام لگاتے ہیں توجرات کرکے ڈیل والے فریق کا نام بھی بتائیں.

شیخ صاحب خود کوقوتوں کا ترجمان سمجھتے ہیں ، شیخ رشید ان سے پوچھیں کہ ڈیل کیوں کی ہے؟انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف زیادہ شور مچاتی ہے۔

نوازشریف کو ان کا حق دیا گیا ہے کسی نے کوئی مہربانی نہیں کی ہے۔ ہرقیدی کی طرح نوازشریف کو بھی علاج معالجے کا حق حاصل ہے۔

نوازشریف اگر ہسپتال آئے ہیں توہر قیدی کو حق حاصل ہوتا ہے۔ قیدیوں کو جیل کے اندر اور باہر دونوں جگہوں پر حق حاصل ہوتا ہے۔قیدیوں کیلئے جیل کے اندر بھی ہسپتال ہوتے اور جیل سے باہر بھی ہسپتال ہوتے ہیں۔ جس طرح دوسرے قیدیوں کو جیل سے باہر ہسپتالوں میں علاج کیلئے لے جایا جاتا ہے اسی طرح نوازشریف کو لے جایا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حمزہ شہبازباہر گئے ہیں تو انہیں عدالت نے اجازت دی ہے۔اگر عدالت نے ہم سے ڈیل کی ہے تویہ الزام عدالت پر آپ لگا رہے ہیں میں نہیں لگا رہا ۔عدالت نے حمزہ شہبازکو کسی قانون کے تحت باہر جانے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے شہبازشریف کے حوالے سے کہا کہ مجھے بتایا جائے کہ شہبازشریف کوکس جرم میں پکڑا گیا ہے؟ ان کی گرفتاری کو6مہینے ہوگئے ہیں ابھی تک ان پر ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔

ان کوکیوں جیل میں رکھا گیا ہے؟آپ ڈیل کی بات کرتے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ شہبازشریف کو جیل میں رکھ کرزیادتی کی جارہی ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎