وزیراعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر تحریک انصاف نے پنجاب کی بڑی سیاسی وکٹ اڑا لی

 وزیراعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر تحریک انصاف نے پنجاب کی بڑی سیاسی وکٹ اڑا لی، شیخوپورہ کی مشہور سیاسی شخصیت سرفراز ڈوگر نے حکمران جماعت میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف بڑی سیاسی وکٹ اڑانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ عام انتخابات 2018 میں شیخوپورہ کے حلقے پی پی 143 سے 31 ہزار سے زائد ووٹ لینے والے سردار سرفراز ڈوگر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔


سردار سرفراز ڈوگر نے حکومت پنجاب کے سیئنر وزیر عبد العلیم خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں عبد العلیم خان نے سردار سرفراز ڈوگر کو خوش آمدید کہا اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی اور پارٹی پرچم والا مفلر بھی پہنایا۔

واضح رہے کہ عام انتکابات 2018 میں شیخوپورہ کے حلقے پی پی 143 سردار سرفراز ڈوگر نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور صرف چند سو ووٹوں کے مارجن سے جیت سے محروم رہ گئے تھے۔

ن لیگ کے سجاد حیدر ندیم 31247 ووٹ لے کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ سرفراز ڈوگر 31082 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اسی حلقے میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر رانا وحید احمد تھے جنہوں نے 30178 ووٹ لیے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎