تحریک انصاف، ن لیگ اور پیپلز پارٹی مشترکہ مفادات کے لیے ایک ہوگئے

 تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مشترکہ مفاد کیلئے اکٹھے ہوگئے، پنجاب کے اراکین اسمبلی نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے پیش کیے گئے پرائیوٹ بل کی حمایت کردی، پنجاب اسمبلی کے ممبران کی تنخواہوں میں اضافےکیلئے پرائیوٹ بل اسمبلی میں جمع کرا دیا گیا.


پرائیویٹ بل تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جس میں بنیادی تنخواہوں سمیت 6 مراعات میں اضافے کیلئے ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

بل میں بلوچستان اسمبلی کے ارکان کے برابر تنخواہیں اور مراعات لانے کی ترامیم پیش کی گئی ہیں۔

غضنفر چھینہ نے اراکین کی بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے ماہانہ اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی ہے۔

پرائویٹ بل میں کنوینس الاؤنس 600 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے اور ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس ایک لاکھ 20 ہزار سالانہ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے سالانہ کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

بل میں ہاؤس رینٹ 29 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، یوٹیلیٹی الاؤئنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور تواضع الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا کہا گیا ہے۔

پرائیویٹ بل میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے ماہانہ پیٹرول الاؤنس 30 ہزار روپے اور گاڑی کی مرمت کا الاؤنس 12 ہزار روپے ماہانہ تجویز کیا گیا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎