بی پی 26 ضمنی انتخاب، کس نے میدان مارا؟ نتیجہ آگیا

غیر سرکاری نتائج کے مطابق قادر نائیل جنہیں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، جمعیت علماء اسلام (س) اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی نے 5 ہزار 272 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف مولانا ولی محمد ترابی کو 4 ہزار 257 ووٹ حاصل ہوئے۔


متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے مولانا ترابی جمعیت علماء اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (ایم) جماعت اسلامی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار تھے۔

مولانا ترابی نے اس ہی حلقے سے گزشتہ سال کے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا تاہم ایچ ڈی پی کے سیکریٹری جنرل احمد کہزاد کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے احمد کہزاد کو افغان شہری قرار دیتے ہوئے انہیں اس نشست سے برطرف کردیا تھا۔

ان کے مخالف کی جانب سے ان کی شہریت کو چیلنج کیا گیا تھا۔

اس نشست کے لیے انتخاب میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں پر مشتمل 18 افراد نے حصہ لیا تھا۔

مجلس وحدت المسلمین کے سابق رکن صوبائی اسمبلی آغاز سید علی رضا نے بھی اس نشست کے لیے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا تھا۔

سخت سیکیورٹی میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔

صبح کے وقت ٹھند کی وجہ سے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ میں کم رہا۔

انتخاب کے تمام 49 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا تاہم کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولنگ اسٹیشنوں پر 5 ہزار سیکیورٹی اہلکار توینات کیے گئے تھے۔ 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎