ملک لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں،ملکی دولت واپس لانے کے لیے وزیراعظم کیا کرنے جارہے ہیں؟ جانیے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخاردرانی نے کہا ہے کہ حکومت کی ملکی لوٹی دولت واپس لانے اور لٹیروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے لانے کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بغیر سزاکے غیر قانونی طور پر ملک سے فرار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


افتخار درانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے قومی احتساب بیوروکے قانون میں ترمیم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ نیب کوبدعنوانی کے خلاف مضبوط بنایاجاسکے۔

افتخار درانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ قانون کی حکمرانی ملک کی ترقی کیلئے واحد راستہ ہے اور وزیر اعظم سمیت کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہی قومی اداروں سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمہ کے علاوہ قانون کی حکمرانی ، اچھی گورننس اور احتساب کو یقینی بناناہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر وزیراعظم نے اپنی تمام تر توجہ قومی معیشت کی ترقی پر مرکوز کر رکھی ہے،احتساب کے بارے میں ایک  سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سوا کوئی ایک رہنما یا سیاسی سربراہ ایسا نہیںجس نے اپنی جائدادوں اور رقم کے ذرائع کے بارے میں تفصیلات دی ہوں ۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎