نوازشریف کو لاہور کے کس ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ؟ پتا چل گیا

لاہور: پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ذرائع کے مطابق نوازشریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے۔

سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف کو آج ہسپتال منتقل کئے جانے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق نواز شریف کو سروسز ہسپتال پہنچانے سے پہلے سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح اسپتال بھی نمونے بھجوائے گئے تھے جبکہ دل کے ٹیسٹ کے لیے سابق وزیراعظم کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

بعدازاں پی آئی سی میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، جہاں ان کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دل کے 3 ٹیسٹ (ای سی جی، ایکو اور تھیلیم ٹیسٹ) کیے گئے۔

ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جب کہ دل کے پٹھوں کے موٹے ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔

جس پر سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎