سرفراز احمد نے فواد عالم کو قومی ٹیم میں نہ کھلانے کی وجہ بتادی

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 56 رنز فی اننگز کی اوسط سے 11 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں


قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فواد عالم کو آنے والے وقت میں موقع ملے گا۔ایک انٹر ویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کبھی موقع ایسا ہوتا ہے کہ کسی کی جگہ نہیں بنتی، مڈل آرڈر میں بابراعظم آئے تو بہت اچھا کھیل پیش کیا، حارث سہیل نے بھی عمدہ پرفارم کیا، اس لیے فواد عالم کی جگہ نہیں بنی، امید ہے کہ وہ آنے والے وقت میں ضرور کھیلیں گے۔

فواد عالم نے 2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 56 رنز فی اننگز کی اوسط سے 11 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں لیکن ان کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جب کہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔155فرسٹ کلاس میچز میں 56.08 کی اوسط سے11441 رنز سکور کرنے والے 33 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرکے انگلینڈ روانہ کردیا ، انضمام الحق کے اس فیصلے کو سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور مداحو ں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ،کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کاکہنا تھا کہ اس فیصلے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی ہاتھ تھا جو ٹیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو پروموٹ کررہے ہیں اور اس کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے محروم ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎